اسلام آبادپولیس اہلکار کورشوت مانگنا مہنگا پڑ گیا!اہلکار معطل،شفاف تحقیقات کا حکم

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ناکے پر شہری سے مبینہ رشوت طلب کرنا اسلام آباد پولیس اہلکار کو مہنگا پڑ گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام نے فوری ایکشن لے لیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مبینہ طور پر اسلام آباد پولیس کا ایک اہلکار ناکے پر موجود شہری سے رشوت طلب کرتا دکھائی دیتا ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد معاملہ پولیس کے اعلیٰ حکام کے نوٹس میں آگیا۔

ایس ایس پی انویسٹیگیشن سلیمان ظفر نے وائرل ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے میں ملوث پولیس اہلکار کو معطل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کے لیے اے ایس پی نوشیروان منہاس کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا گیا ہے، جو معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔

ایس ایس پی انویسٹیگیشن سلیمان ظفر کا کہنا ہے کہ بدعنوانی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں کے خلاف بدعنوانی کی شکایات پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری رہے گی، جبکہ شہریوں کے ساتھ بدسلوکی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی شکایات کو بھی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button