کراچی کے پیسوں سے لاہور نہیں بنے گا، مرتضیٰ وہاب پنجاب اور وفاق پر برس پڑے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب ایک بار پھر پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت پر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ کراچی کے پیسوں سے لاہور نہیں بنے گا، لاہور کی ترقی سے کوئی عداوت نہیں لیکن کراچی کے وسائل کسی دوسرے شہر کی ترقی پر خرچ نہیں ہونے چاہئیں۔

مرتضیٰ وہاب نے وفاقی حکومت کی ترقیاتی ترجیحات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے بہاولپور موٹروے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ ان کے مطابق 450 ارب روپے صرف بہاولپور موٹروے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ سوچ کو اب جی ٹی روڈ کے دائرے سے آگے نکلنا ہوگا۔ صرف لاہور سے موٹروے نکالنے اور لاہور تک موٹروے پہنچانے کی سوچ درست نہیں، ملک کے دیگر علاقوں اور خصوصاً کراچی کی ترقی کو بھی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں لاہور کی ترقی سے کوئی عداوت نہیں، لیکن کراچی کے پیسوں سے لاہور بنے، یہ ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔”

مرتضیٰ وہاب نے مخالفین کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے علاقوں میں بھی عوامی سہولیات فراہم کررہے ہیں جہاں سیاسی طور پر ان کے مخالفین موجود ہیں۔ ان کے مطابق مخالفین کے علاقے میں 2 کروڑ روپے کی لاگت سے اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جارہا ہے۔

ایم کیو ایم پر بھی طنزیہ تنقید

میئر کراچی نے ایم کیو ایم کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ جو لوگ خود کو غریبوں کی پارٹی کہتے ہیں، وہ شہر کراچی کو بیوروکریٹس کے ذریعے چلانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے معاملات کے حوالے سے عوامی نمائندوں کا کردار اور اختیار اہم ہے اور شہر کے انتظامی امور کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے منتخب نمائندوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔

یونیورسٹی روڈ کی غلطی تسلیم کرلی، مرتضیٰ وہاب

مرتضیٰ وہاب نے یونیورسٹی روڈ کے حوالے سے کہا کہ کراچی کی شہری انتظامیہ نے کھلے دل کے ساتھ اپنی غلطی تسلیم کی ہے اور جہاں غلطی ہوئی ہے اسے تسلیم کرکے اصلاح کی کوشش کی جارہی ہے۔

میئر کراچی نے نام لیے بغیر وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے حوالے سے سوچ کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام علاقوں کو یکساں اہمیت دی جانی چاہیے اور ترقیاتی وسائل کی تقسیم میں کراچی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

مزید خبریں

Back to top button