عوام پر ایک اور بجلی بم! نیپرا نے فی یونٹ 52 پیسے مہنگی کردی
مہنگائی کے مارے عوام پر بجلی کا نیا وار، 12 ارب 67 کروڑ روپے کا بوجھ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) مہنگائی کے ستائے عوام پر بجلی کا ایک اور بم گر گیا، نیپرا نے ایک ہفتے کے دوران دوسری بار بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 52 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر کے بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کے مطابق اضافی رقم صارفین سے ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔ یعنی بجلی صارفین کو مسلسل تین ماہ تک ہر ماہ فی یونٹ 52 پیسے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا۔
بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے پہلے ہی مہنگے بجلی بلوں سے پریشان صارفین کے مالی دباؤ میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ تین ماہ تک اضافی وصولی کے باعث گھریلو اور کاروباری صارفین کو مزید اخراجات برداشت کرنا پڑیں گے۔
ایک ہی ہفتے میں دوسری مرتبہ بجلی مہنگی کیے جانے کے فیصلے نے صارفین میں تشویش پیدا کردی ہے، جبکہ عوام پہلے ہی بجلی کے بھاری بلوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔



