کسانوں، کاروباری طبقے اور ہاؤسنگ کیلئے قرضوں کی فراہمی بڑھائی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ کسانوں، چھوٹے و درمیانے کاروبار اور ہاؤسنگ کے شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار مؤثر بنائیں، جبکہ حکومت قرضوں کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-28 کے جائزہ اجلاس میں وزیراعظم کے ’’اپنا گھر‘‘ پروگرام، زرعی شعبے اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے لیے قرضوں کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی ترقی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسانوں کو مالی وسائل تک آسان اور بلا رکاوٹ رسائی فراہم کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کو سستے گھروں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی جائیدادوں کا جامع سروے کیا جائے جنہیں ’’وزیراعظم اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت گھر بنانے کے خواہش مند افراد کو بینک قرض فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ’’وزیراعظم اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53 ہزار 127 درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313 ارب 42 کروڑ روپے ہے، جبکہ 8 ہزار 739 درخواست گزاروں کو 45 ارب 43 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق اگست 2026 تک بینکوں نے زرعی شعبے کو 126 ارب 80 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے، جبکہ ایکسیس ٹو فنانس پلان کے تحت جون 2028 تک زرعی قرضوں کا ہدف 200 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

’’زرخیز‘‘ ایپ کے ذریعے آسان قرضوں کے لیے اب تک 35 ہزار 838 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 7 ارب 35 کروڑ روپے کے قرضے منظور جبکہ 1 ارب 96 کروڑ روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اگست 2026 تک چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے شعبے کو بینکوں کی جانب سے 106 ارب 70 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے گئے، جبکہ جون 2028 تک اس شعبے کے لیے بھی قرضوں کا ہدف 200 ارب روپے مقرر ہے۔

ایس ایم ای ڈی اے نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران 1096 چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو مالیاتی امور سے متعلق تربیت بھی فراہم کی۔

مزید خبریں

Back to top button