ملک میں مون سون کا فعال نظام موجود نہیں، درجہ حرارت بڑھنے کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی (ERC) کا 18واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کی۔
این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، پی ڈی ایم اے، محکمہ موسمیات اور متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ موسمی صورتحال، درجہ حرارت میں اضافے، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور آئندہ دنوں میں متوقع موسمی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
این ڈی ایم اے نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں اس وقت مون سون کا کوئی فعال نظام موجود نہیں، تاہم آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔
اتھارٹی کے مطابق زیادہ درجہ حرارت والے علاقوں میں ممکنہ اثرات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔
اجلاس میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) کے ذریعے ملک کی موسمی اور ہائیڈرولوجیکل صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔ کسی بھی ممکنہ تبدیلی کی صورت میں بروقت وارننگز اور ایڈوائزریز جاری کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور کوآرڈینیشن برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ موسمی یا ہائیڈرولوجیکل خطرے سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاری برقرار رکھیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق این ای او سی کے ذریعے موسمی و ہائیڈرولوجیکل صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی، جبکہ عوام اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کرنے کے لیے صورتحال کے مطابق ایڈوائزریز جاری کی جائیں گی۔



