نئے صوبوں کا فیصلہ عوامی ریفرنڈم سے کیا جائے، موجودہ اسمبلیاں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں، بیرسٹر سیف

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عوامی ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ موجودہ حالات میں نئے صوبوں کا قیام ایک آئینی تقاضا بن چکا ہے، اس لیے اس اہم معاملے پر ریفرنڈم کے ذریعے براہِ راست عوامی رائے معلوم کی جانی چاہیے۔ دنیا بھر میں اہم قومی اور عوامی معاملات پر ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے لی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو موجودہ مسائل سے نکالنے کے لیے نئے صوبوں کا قیام اور مضبوط بلدیاتی نظام ناگزیر ہے، تاہم موجودہ اسمبلیاں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں اور ان کی کوئی وقعت باقی نہیں رہی۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاسی نظام پر چند خاندانوں کا قبضہ ہے اور یہی سیاسی خاندان پاکستان کو درپیش موجودہ مسائل کے ذمہ دار ہیں۔ سیاسی مافیا کے لیے صرف اپنے مفادات مقدم ہیں جبکہ عوام کے مسائل اور مشکلات کی کوئی فکر نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب 6 ارب روپے کی بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں۔ یہ صورتحال عوامی مشکلات اور حکمران طبقے کے اخراجات کے درمیان واضح تضاد کو ظاہر کرتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button