نارفولک کے ساحل پر گندگی پھیلانا مہنگا پڑے گا، جرمانہ 500 پاؤنڈ تک بڑھانے کی تجویز

نارفولک(ویب ڈیسک) برطانیہ کے مشہور نارفولک ساحل پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف جرمانے میں بڑا اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق نارتھ نارفولک ڈسٹرکٹ کونسل نے مقررہ جرمانے کے نوٹس کے تحت کوڑا پھینکنے پر موجودہ زیادہ سے زیادہ 80 پاؤنڈ جرمانہ بڑھا کر 500 پاؤنڈ کرنے کی تجویز دی ہے۔

فلائی ٹِپنگ کے خلاف بھی جرمانہ بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔ موجودہ 300 پاؤنڈ کی حد کو بڑھا کر 1,000 پاؤنڈ تک کیا جا سکتا ہے۔

کونسل کی کابینہ کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ مقامی کمیونٹیز میں کوڑا پھینکے جانے پر شدید مایوسی پائی جاتی ہے، امید ہے کہ بھاری جرمانے لوگوں کو ایسے جرائم سے قبل دو بار سوچنے پر مجبور کریں گے۔

نارتھ نارفولک میں تقریباً 45 میل طویل ساحلی پٹی موجود ہے، جس میں کرومر، شیرنگھم اور ویسٹ رنٹن جیسے معروف مقامات شامل ہیں اور یہ ساحل ملک بھر سے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔

کونسل کے ترجمان کے مطابق قانونی حد کے اندر جرمانوں میں اضافہ کوڑا کرکٹ اور فلائی ٹِپنگ کے خلاف مضبوط پیغام دے گا اور ماحولیاتی فضلے سے متعلق جرائم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگا۔

ترجمان نے مجوزہ جرمانوں میں اضافے کو متناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام کوڑے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی وسیع مہم کا بھی حصہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button