راہول رائے نے شادیوں میں رقص کرنے کی اصل وجہ بتا دی، ٹرولرز کو کرارا جواب

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بھارتی اداکار اور بگ باس سیزن ون کے فاتح راہول رائے نے اپنی معاشی مشکلات اور موجودہ پیشہ ورانہ زندگی کے حوالے سے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ شادی کی تقریبات میں رقص کرکے 2 سے 4 لاکھ بھارتی روپے تک کما لیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران راہول رائے سے سوال کیا گیا کہ وہ شادیوں میں رقص کیوں کرتے ہیں اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان کی ڈانس ویڈیوز پر ہونے والی تنقید کو وہ کس نظر سے دیکھتے ہیں۔

راہول رائے نے واضح کیا کہ انہیں شادیوں میں رقص کرنے پر کوئی شرمندگی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے اخراجات ہیں اور انہیں اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے۔

اداکار نے بتایا کہ 2020 میں برین اسٹروک کا شکار ہونے کے بعد ان کی پیشہ ورانہ اور معاشی زندگی شدید متاثر ہوئی۔ صحت کے مسائل کے باعث ان کے لیے پہلے کی طرح کام کرنا مشکل ہوگیا اور گزشتہ کئی برس ان کی زندگی کا بڑا حصہ صحتیابی میں گزرا۔

راہول رائے کے مطابق وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے جو کچھ کرسکتے تھے، کرتے رہے اور شادیوں میں رقص کرکے بھی آمدنی حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی تقریبات میں شرکت کرکے وہ تقریباً 2 لاکھ سے 4 لاکھ بھارتی روپے تک کما لیتے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹرول کرنے والے لوگ یہ نہیں جانتے کہ انہیں پیسوں کی ضرورت ہے اور فالج نے ان کے کیریئر پر گہرا اثر ڈالا ہے۔

راہول رائے نے کہا کہ وہ گزشتہ چند برسوں کے دوران اتنا کام نہیں کرسکے جتنا وہ کرنا چاہتے تھے، تاہم اب 60 سال کی عمر میں اپنی سلطنت دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں مداحوں کی جانب سے ان کے حالات اور جدوجہد کو سمجھنے کی بات کی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button