آئی پی پیز کو 29 کھرب 35 ارب روپے کی ادائیگی! 11 ماہ کے ہوشربا اعداد و شمار سامنے آگئے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے صرف 11 ماہ کے دوران آئی پی پیز کو 29 کھرب 35 ارب روپے کی بھاری رقم ادا کردی، وزارت توانائی نے ادائیگیوں کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کردیں۔
وزارت توانائی کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ میں آئی پی پیز کو مختلف مدات میں مجموعی طور پر 29 کھرب 35 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔
دستاویزات کے مطابق آئی پی پیز کو انرجی پیمنٹس کی مد میں 11 کھرب 68 ارب روپے ادا کیے گئے، جبکہ بجلی پیدا کرنے والے نجی منصوبوں کو کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں 15 کھرب 65 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق کیپسٹی پیمنٹس کا حجم انرجی پیمنٹس کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہا، جس کے باعث آئی پی پیز کو ہونے والی مجموعی ادائیگیوں کا حجم کئی کھرب روپے تک پہنچ گیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے یہ اعداد و شمار ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب ملک میں بجلی کی قیمتوں، آئی پی پیز کے معاہدوں اور کیپسٹی پیمنٹس کے بوجھ پر طویل عرصے سے بحث جاری ہے۔
آئی پی پیز کو ہونے والی بھاری ادائیگیوں نے ایک بار پھر بجلی کے شعبے کے مالیاتی ڈھانچے، معاہدوں اور صارفین پر پڑنے والے بوجھ سے متعلق سوالات کو نمایاں کردیا ہے۔



