پاکستان فشر فوک فورم بدین کا اجلاس،ماہی گیروں کے مسائل پر غور

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ/ پی کے)پاکستان فشر فوک فورم ضلع بدین کی گورننگ باڈی کا اجلاس،مرکزی چئیرمین سید مہران علی شاہ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ، تنظیم سازی اور ماہی گیروں کے مسائل پر غور۔

 پاکستان فشر فوک فورم ضلع بدین کی گورننگ باڈی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیم کو مزید مضبوط اور فعال بنانے، ضلعی سطح پر تنظیم سازی، مختلف یونٹس کو منظم کرنے اور ماہی گیر برادری کے مسائل کے حل کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مرکزی چئیرمین سید مہران علی شاہ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ تنظیم کی سرگرمیوں کو موثر بنانے کے لیے ہر ماہ یونٹ اور ضلعی سطح پر باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ماہی گیر برادری سے رابطے مزید مضبوط کرکے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران ماہی گیروں کے فشنگ لائسنس کے اجرا اور تجدید کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ لائسنس کے حوالے سے درپیش مشکلات کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء نے ماہی گیروں کو درپیش بنیادی مسائل، روزگار کے مواقع، پانی کی دستیابی اور دیگر مشکلات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ماہی گیر برادری ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے، تاہم انہیں بنیادی سہولیات اور اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فشر فوک فورم کے رہنماؤں نے کہا کہ تنظیم ماہی گیروں کے جائز حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ضلع بدین کے ماہی گیروں کو درپیش مسائل کو ہر متعلقہ فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ ماہی گیر رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان فشر فوک فورم کو یونٹ سطح سے ضلعی سطح تک مزید منظم اور مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششیں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ ماہی گیروں کے حقوق اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے منظم، جمہوری اور پُرامن جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا۔ اجلاس میں حاجی نبی بخش ملاح، عبدالرحیم چانڈانی، محمد عمر ملاح، محمد مٹھن ملاح، محمد قاسم بچو، محمد سومار لوہار، حاجی ملاح، الہبچایو ملاح، میہار دانھدل، قاسم بورہیو، فتح خان ملاح، علی محمد شیخ، سرفراز علی بچو، حنیف ماچھی، صدیق ماچھی، بھورو ماچھی، صابو تھیہیمور اور حنیف گھنو سمیت پاکستان فشر فوک فورم ضلع بدین کے رہنماؤں اور ماہی گیر کارکنوں نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button