حوثیوں کا 24 گھنٹوں میں تیسرا سعودی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

صنعا(جانوڈاٹ پی کے)یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے جنگجوؤں نے سعودی عرب کی ملکیت ایک مسلح ڈرون کو مار گرایا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں بتایا کہ سعودی ڈرون یمن کے صوبے البیضا میں مشکوک سرگرمی انجام دے رہا تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے زیرِ ملکیت ونگ لونگ ٹو مسلح جاسوس ڈرون کو مناسب ہتھیار استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ تیسرا ڈرون ہے جسے حوثیوں نے مار گرانے کا دعویٰ کیا۔
سعودی عرب کی جانب سے فوری طور پر حوثیوں کے اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا اس لیے ڈرون مار گرائے جانے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
یاد رہے کہ یمن کے حوثیوں نے جولائی میں اہم تجارتی آبی گزرگاہ باب المندب میں سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔
ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے حوثیوں نے الزام عائد کیا تھا کہ سعودی عرب نے یمن کے اُن علاقوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے جو حوثیوں کے کنٹرول میں ہیں۔
حوثیوں کا یہ اقدام خطے میں پہلے سے جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا جہاں بحیرۂ احمر اور باب المندب سے گزرنے والی تجارتی اور بحری سرگرمیاں مسلسل سیکیورٹی خدشات کی زد میں ہیں۔



