سندھ میں سیلاب کا خطرہ کم کرنے کے لیے بڑا اقدام، پاکستان اور جاپان کے درمیان اربوں ین کا گرانٹ معاہدہ طے پاگیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان اور جاپان کے درمیان اہم گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ جاپان منصوبے کے لیے 2.58 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرے گا، جس کی مالیت تقریباً 16.4 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانا ہے، جس سے سیلاب کے خطرے سے دوچار آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق بند کی بہتری سے سیلابی صورتحال میں آبادیوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

معاہدے کی تقریب میں ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے دستخط کیے، جبکہ گرانٹ معاہدے پر ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور سبینہ قریشی اور جائیکا کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کیے۔

اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے جاپان کو پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ قدر ترقیاتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاپان کی مسلسل دوستی اور فراخدلانہ ترقیاتی معاونت قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاپان کے پائیدار عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان کی جانب سے مسلسل ترقیاتی معاونت پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

حکام کے مطابق جاپانی گرانٹ سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ سندھ میں سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی استعداد بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ لاڑکانہ کے علاقے میں اولڈ آباد بند کی مضبوطی مستقبل میں سیلاب کے ممکنہ نقصانات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button