دھرنوں اور احتجاج کے نتیجے میں عوام کو 20 سے 30 فیصد تک ریلیف ملا ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سے پٹرول کی قیمت میں فوری کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی والا جتنا ٹیکس ادا کر رہا ہے، اتنا ہی موٹر سائیکل والا بھی دے رہا ہے۔
مال روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنوں کا آج 23واں روز ہے اور احتجاج کے باعث عوام میں امید پیدا ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی نے جہاں جہاں جلسے کیے، وہاں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دھرنوں اور احتجاج کے نتیجے میں عوام کو 20 سے 30 فیصد تک ریلیف ملا ہے، تاہم مطالبات کی منظوری تک عوام کے تعاون سے مزید جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے الزام عائد کیا کہ ایف بی آر میں 5 ہزار کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن ہے، جبکہ سرکاری افسران اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دھرنوں کا مقصد عوام کو تنگ کرنا نہیں بلکہ ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری کے لیے جماعت اسلامی اب پہیہ جام ہڑتال کی طرف بھی جائے گی۔



