حماد اظہر کو حراست میں لینے کے باوجود گرفتاری نہ ڈالی جا سکی، بازیابی کی والدہ نے درخواست دائر کردی

لاہور: پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو حراست میں لیے جانے کے باوجود پولیس تاحال ان کی باقاعدہ گرفتاری نہیں ڈال سکی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کے خلاف 9 مئی اور اس کے بعد کے واقعات سے متعلق کئی مقدمات درج ہیں، جبکہ وہ لاہور سمیت مختلف شہروں کی پولیس کو مطلوب تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حماد اظہر کی گرفتاری اور ان کے خلاف درج مقدمات کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مقدمات سے متعلق دستاویزات تیار کرکے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حماد اظہر کو گزشتہ روز ملتان سے گرفتار کرکے لاہور پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
دوسری جانب حماد اظہر کی والدہ عشر اظہر نے لاہور ہائیکورٹ میں بیٹے کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کردی۔ درخواست میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حماد اظہر تاحال لاپتہ ہیں اور پولیس ان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کر رہی۔ والدہ نے عدالت سے حماد اظہر کی بازیابی کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں حماد اظہر کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں۔ وہ 2023ء سے روپوش تھے اور عدالت انہیں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔



