صومالیہ میں یرغمال پاکستانیوں کے اہلخانہ کا احتجاج، پولیس نے 11 مظاہرین کو گرفتار کرلیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کے اہلخانہ نے کراچی میں احتجاج کیا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 11 مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔
مظاہرین گزشتہ رات سے شارع فیصل پر وزارتِ خارجہ کے دفتر کے قریب دھرنا دیے بیٹھے تھے۔ مظاہرین نے آج صبح سے بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان بھی کر رکھا تھا۔
پولیس نے شارع فیصل پر وزارتِ خارجہ کے دفتر کے باہر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دھرنے میں بیٹھے متعدد افراد کو گرفتار کیا، جس کے بعد متاثرہ خاندان ٹیپو سلطان تھانے پہنچ گئے اور زیرِ حراست افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں 6 مرد اور 5 خواتین شامل تھیں۔ بعد ازاں پولیس نے تمام 11 مظاہرین کو رہا کردیا اور قبضے میں لیا گیا سامان بھی ان کے حوالے کر دیا۔
متاثرہ خاندانوں کا مطالبہ ہے کہ صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کی بازیابی کے لیے حکومت فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔



