حکومت اور عوام کے درمیان فاصلہ ختم کرنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں، فاروق ستار

حیدرآباد(جانوڈاٹ پی کے) ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے ختم کرنے کے لیے جامع اصلاحات ناگزیر ہیں۔
حیدرآباد میں یومِ دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان اب معرکۂ حق سے معرکۂ معیشت کی جانب بڑھ رہا ہے، حکومت کو اصلاحات کے ایجنڈے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا تاکہ عوام اور حکومت کے درمیان خلیج کم کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء پاکستان کی تاریخ کا پہلا معرکۂ حق تھا، جب پوری قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔ یومِ دفاع کی اہمیت 14 اگست کی طرح ہے اور اس موقع پر پاک فوج کے تمام شہداء کو خراجِ تحسین اور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ دنیا نے پہلی مرتبہ دیکھا کہ پاکستانی جوانوں نے جانوں کی پروا کیے بغیر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ ان کے مطابق 10 مئی 2025ء کے معرکۂ حق 2 میں پاکستان نے جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بھارتی رافیل طیاروں کو بھی مؤثر جواب دیا۔
فاروق ستار نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے کہا کہ ان کی گنتی ابھی تک ختم نہیں ہوئی، وہ 10، 11 تک تو پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب پاکستان کو معرکۂ حق سے معرکۂ معیشت کی طرف بڑھنا ہوگا۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ 62ویں یومِ دفاع کا انتظار کریں، دیکھیں گے کہ حیدرآباد اور کراچی پاکستان میں کس طرح قائدانہ کردار ادا کرتے ہیں۔



