یومِ فضائیہ: پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965ء میں دشمن کا غرور خاک میں ملایا، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں، شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1965ء کی جنگ میں پاک فضائیہ نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔
اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ 7 ستمبر 1965ء پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا تاریخی دن ہے، جبکہ سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی بہادری پاکستان کی فوجی تاریخ کا سنہری اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایم ایم عالم نے چند لمحوں میں دشمن کے 5 طیارے تباہ کرکے تاریخی کارنامہ انجام دیا۔ پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کے پاسبان ہمہ وقت بیدار اور مستعد ہیں، جبکہ شہداء اور غازیوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کا جذبۂ دفاع اور حب الوطنی قابلِ تقلید ہے۔ یومِ فضائیہ ہمارے غازیوں اور شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے اور قوم اپنے فضائی ہیروز کی بے مثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔



