پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی جراتمند قیادت اور بہترین منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، صدر و وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ پاک فضائیہ کے موقع پر شاہینوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی جراتمند قیادت، بہترین منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکۂ حق میں پاک فضائیہ نے پاک فوج اور پاک بحریہ کے ساتھ مل کر فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ ہمارے شاہینوں نے ثابت کیا کہ دشمن چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، عزم اور حوصلے کو شکست نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور مزید ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، مہارت اور برتری کا لوہا منوایا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک قابلِ فخر تاریخ رکھتی ہے۔ جنگِ ستمبر میں شاہینوں نے کامیابی سے ملکی فضائی حدود کا دفاع کیا جبکہ گزشتہ سال مئی میں بھی پاکستان نے جارح دشمن کو شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پاک فضائیہ نے مسلح افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا اور ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ تعداد میں کم ہوتے ہوئے بھی دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا پاک فضائیہ کی شاندار روایت ہے۔
شاہینوں کی جرأت، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔



