مودی اور بھارت کو کلین چٹ دے دی،مریم نواز کے بیان پر خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کا بڑا حملہ

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے تین صوبوں کو دہشت گردی کی بنیاد قرار دے کر مودی اور بھارت کو کلین چٹ دے دی۔

مریم نواز کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ اس بیان سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عالمی مؤقف کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے خلاف اس طرح کا متعصبانہ رویہ پاکستان کو تقسیم کرنے کی سوچ کا عکاس ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دوسروں پر بیان بازی کرکے اپنی کارکردگی کی کمزوریوں کو نہیں چھپایا جاسکتا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے پر کام جاری ہے اور صوبے کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز نے کیا کہا تھا؟

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا تھا کہ صوبے کے عوام اللہ تعالیٰ کے بعد ان کی جانب دیکھ رہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی تھریٹس کے باعث پنجاب کی سیکیورٹی پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا تھا کہ ’’مجھے ہمسایہ ممالک سے کم، ہمسایہ صوبوں سے زیادہ خطرہ ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ کچے کا علاقہ کئی دہائیوں سے جرائم کا گڑھ بنا ہوا تھا، تاہم فوج اور سندھ حکومت کی مدد سے کچے کے علاقے میں حالات قابو میں ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق صوبے کے بارڈر ایریاز سے آنے والے تھریٹس کے خاتمے کے لیے جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مضبوط بنایا گیا ہے، جبکہ انٹیلیجنس ہب سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا اہم مرکز ثابت ہوگا۔

مریم نواز کے بیان پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے سخت ردعمل اور پنجاب حکومت کی جوابی تنقید کے بعد صوبائی سطح پر سیاسی محاذ مزید گرم ہوگیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button