سول ڈیفنس پنجاب میں بڑا کریک ڈاؤن،12اہلکار برطرف،37معطل،7افسران کے تبادلے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی کے خلاف سول ڈیفنس پنجاب میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 12 اہلکاروں کو نوکری سے برخاست، 37 افسران و اہلکاروں کو معطل اور 7 افسران کے تبادلے کر دیے گئے۔
محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب نے کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی کے الزامات پر 12 اہلکاروں کی برطرفی کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ عملدرآمد کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو مراسلے بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔
برطرف کیے جانے والوں میں سرگودھا کے فرمان اللہ، خوشاب کے نوید، ملتان کے محمد ارشاد اور ناصر اقبال، لودھراں کے اصغر، گوجرانوالہ کے گروپ وارڈنز رحمان مقبول اور حمزہ بلال بٹ، حافظ آباد کے امان اللہ اور فیضان، نارووال کے شریف، جبکہ بہاولپور کے بشیر احمد اور شبیر احمد شامل ہیں۔
کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے 37 افسران و اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا گیا۔ معطل ہونے والوں میں سول ڈیفنس افسران، اسسٹنٹس، سینئر کلرکس، چیف انسٹرکٹرز، انسٹرکٹرز، ریسکیو اہلکار، ڈرائیور، نائب قاصد اور دیگر ملازمین شامل ہیں۔
محکمہ سول ڈیفنس کے 9 چیف انسٹرکٹرز اور 15 انسٹرکٹرز بھی معطلی کی زد میں آگئے۔ اس کے علاوہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ریسکیو لیڈر، ریسکیور، فرسٹ ایڈر، ڈرائیور، نائب قاصد اور سینٹری ورکر کو بھی معطل کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر سول ڈیفنس کی جانب سے معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ معطل افسران و اہلکاروں کو سول ڈیفنس پنجاب ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب طویل عرصے سے ایک ہی جگہ تعیناتی اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر 7 سول ڈیفنس افسران کے تبادلے بھی کر دیے گئے۔ مختلف افسران کو وہاڑی، بہاولنگر، ساہیوال، اوکاڑہ اور فیصل آباد سمیت اہم عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری محکموں میں احتساب اور زیرو ٹالرینس پالیسی پر عملدرآمد کی کڑی قرار دی جا رہی ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے تمام محکموں کے سربراہان کو محکمانہ احتساب یقینی بنانے کی ہدایت کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے کرپشن، نااہلی، بدانتظامی اور قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت کے مطابق سرکاری اداروں میں بدعنوانی اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور محکمانہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔



