حماد اظہر گرفتار،پی ٹی آئی کا شدید ردعمل،حکومت پر فسطائی ہتھکنڈوں کا الزام

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے سیاسی انتقام، ریاستی جبر اور فسطائی ہتھکنڈوں کا تسلسل قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماد اظہر کو سیاسی بنیادوں پر مسلسل انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ حکومت سیاسی مخالفین کو دبانے اور تحریک انصاف کی آواز خاموش کرنے کے لیے ریاستی طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔
تحریک انصاف نے مؤقف اختیار کیا کہ حماد اظہر سابق وفاقی وزیر ہیں اور اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ موجود ہے تو انہیں قانون کے مطابق عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔ پارٹی کے مطابق سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو بلاجواز گرفتار کرکے خوف و ہراس پھیلانا جمہوریت اور آئین کی روح کے منافی ہے۔
پی ٹی آئی نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاریوں، مقدمات اور ریاستی جبر کے ذریعے عمران خان اور تحریک انصاف کے نظریے کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ پارٹی کے مطابق ظلم و جبر کے ہتھکنڈے عوام کے عزم کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔
تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ حماد اظہر کو فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے، ان کے بنیادی اور قانونی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے اور سیاسی انتقام کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
حماد اظہر کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کے سخت ردعمل کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک بار پھر حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔



