کوہ پیما سید علی شاہ کی میت 56 روز بعد آبائی گاؤں پہنچا دی گئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اپر سوات کے معروف کوہ پیما سید علی شاہ کی میت 56 روز بعد فلک سر سے ریکور کرکے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان کے آبائی گاؤں پہنچا دی گئی۔
سید علی شاہ کی میت فلک سر کے منی کے ٹو بیس کیمپ سے آبائی گاؤں منتقل کی گئی۔ پاک آرمی 6 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر عامر جمیل کی سربراہی میں ہونے والے کامیاب ریسکیو آپریشن میں سکردو کے چاگوری گروپ اور مقامی کوہ پیماؤں نے بھی حصہ لیا۔
ریسکیو ٹیم نے دشوار گزار پہاڑی علاقے سے میت کو بیس کیمپ تک منتقل کیا، جس کے بعد پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسے آبائی علاقے پہنچایا گیا۔
سید علی شاہ کی میت کی لوکیشن کی ڈرون کے ذریعے تصدیق کے بعد ریکوری آپریشن شروع کیا گیا تھا، جبکہ پاک فوج کی زیرنگرانی خصوصی ہیلی کاپٹر آپریشن کے ذریعے میت کی منتقلی ممکن ہوئی۔



