پیسکو ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، تنخواہوں اور الاؤنسز میں اہم اضافے کی منظوری

پشاور(ویب ڈیسک) سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں اور مختلف الاؤنسز میں تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی 2026 سے پیسکو ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاؤنس دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
گریڈ 1 سے 22 تک کے ملازمین کے لیے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 15 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جو 30 جون 2022 کی بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر دیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق الاؤنس کے حصول کے لیے وفاقی حکومت کی مقرر کردہ شرائط لاگو ہوں گی، جبکہ پیسکو ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ معذور پیسکو ملازمین کے لیے خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ریٹائرڈ پیسکو ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافہ بھی منظور کرلیا گیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔



