لاہور میں موسلا دھار بارش، 150 سے زائد لیسکو فیڈرز ٹرپ، کئی علاقوں میں بجلی بند

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوگیا، لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
بارش کے دوران کئی علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ مختلف تکنیکی خرابیوں کے باعث صارفین کو بجلی کی طویل بندش کا سامنا ہے۔
لیسکو ذرائع کے مطابق بارش اور فیڈرز کی ٹرپنگ کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، تکنیکی ٹیمیں خرابیوں کو دور کرنے اور بجلی کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہیں۔
دوسری جانب موسم میں خوشگوار تبدیلی کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں کمی ہوگئی ہے۔ اس وقت لیسکو کی بجلی کی طلب 2050 میگاواٹ جبکہ فراہمی 3500 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو نے سسٹم کو 1700 میگاواٹ لوڈ پر آپریشنل رکھا ہوا ہے، جبکہ طلب میں کمی کے باعث لیسکو کے پاس تقریباً 1500 میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے۔



