لاہور میں 45 لاکھ روپے کے سونے کی چوری کا ڈراپ سین، گھر کا مہمان ہی چور نکلا

لٹن روڈ پولیس کی جدید ٹیکنالوجی سے کارروائی، دو ملزمان نارووال سے گرفتار، 30 لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لٹن روڈ کے علاقے میں خاتون کے گھر سے دو ماہ قبل چوری ہونے والے 45 لاکھ روپے مالیت کے سونے کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور موبائل نمبر ٹریسنگ کی مدد سے واردات میں ملوث دو ملزمان کو نارووال سے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اسامہ اور سلمان کے نام سے ہوئی ہے۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ متاثرہ خاتون کے گھر میں رہنے کے لیے آنے والا اس کا خالہ زاد بھائی اسامہ ہی سونے کی چوری میں ملوث تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گھر کی الماری سے 45 لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری کیا اور بعد ازاں اپنے دوست سلمان کے ساتھ مل کر اسے فروخت کردیا۔

لٹن روڈ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا اور موبائل نمبرز کی مدد سے دونوں کو نارووال سے گرفتار کرلیا۔

ایس پی سول لائنز کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 30 لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد ہوئی، جو پولیس نے متاثرہ خاتون کے حوالے کردی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ مزید تفتیش کے دوران واردات سے متعلق دیگر شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button