پاکستان امن پسند ملک، مکالمے اور سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان طاقت کے بجائے مکالمے، سفارت کاری اور پرامن ذرائع کو ترجیح دیتا ہے۔
یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے قوم کو اتحاد، جمہوریت اور ملکی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی بنیاد ہیں۔ 6 ستمبر قومی عزم، اتحاد اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ 1965ء میں مسلح افواج نے دشمن کے عزائم کے خلاف غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ 1965ء کی جنگ کے دوران پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، جبکہ شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود قومی ذمہ داری ہے، جبکہ فوجی فاؤنڈیشن شہداء کی بیواؤں اور بچوں کی مسلسل معاونت کر رہی ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے معرکۂ حق میں مسلح افواج کی بے مثال جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج قومی سلامتی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
قائم مقام صدر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر عسکری قیادت کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔


