شاہِ ناروے ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر پاکستان کا اظہارِ تعزیت، عبدالعلیم خان آخری رسومات میں نمائندگی کریں گے


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شاہِ ناروے ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے صدرِ مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل، اپنی جانب سے اور پاکستانی عوام کی طرف سے شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو 9 ستمبر کو اوسلو میں ہونے والی شاہ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق شاہ ہیرالڈ پنجم کا 89 برس کی عمر میں انتقال ہوا، جبکہ ان کی آخری رسومات 9 ستمبر کو اوسلو میں ہوں گی۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار اور ایسپن بارتھ ایدے نے پاکستان اور ناروے کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔