روس یوکرین جنگ میں بڑا بریک تھرو، پیوٹن کا 3 روزہ فضائی حملے روکنے کا حکم

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں فضائی حملوں کے تین روزہ وقفے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے خلاف تین روز کیلئے حملے روکنے کا حکم دے دیا۔

کریملن کے مطابق یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی صدر پیوٹن سے ملاقات کے دوران ہوئی۔ دونوں امریکی ایلچیوں نے روسی صدر سے تقریباً تین گھنٹے طویل ملاقات کی، جس میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے، ممکنہ جنگ بندی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کریملن کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں مذاکرات بامعنی اور تعمیری رہے۔ فریقین نے جنگ کے خاتمے کیلئے متعدد تجاویز کا جائزہ لیا جبکہ ممکنہ حل کیلئے کئی تجاویز بھی مرتب کی گئیں۔

روسی صدارتی دفتر کے مطابق امریکی ایلچیوں نے صدر پیوٹن کے مؤقف کو یوکرین کے ساتھ مذاکرات میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوسری جانب امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر آج یوکرین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ روسی مؤقف اور جنگ بندی سے متعلق تجاویز یوکرینی حکام کے سامنے رکھیں گے۔

روس اور یوکرین کے درمیان تین روزہ فضائی وقفے کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کی جا رہی ہیں۔ تاہم مستقل جنگ بندی اور امن معاہدے کا انحصار آئندہ مذاکرات میں دونوں فریقوں کے مؤقف میں پیش رفت پر ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button