یومِ دفاع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی، پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے فرائض سنبھال لیے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

ایئر آفیسر کمانڈنگ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان، ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔

پریڈ میں 72 کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے حصہ لیا، جس میں 64 مرد اور 8 خواتین کیڈٹس شامل تھیں۔ کیڈٹس نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی یہ تقریب یومِ دفاع کے موقع پر بابائے قوم کو خراجِ عقیدت اور قومی جذبے کی تجدید کا اظہار ہے۔

ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ایک بار پھر اپنی دفاعی صلاحیت ثابت کی۔

انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ ہو یا معرکۂ حق، پاک فضائیہ نے ملکی سلامتی کو ہمیشہ اپنا عزم بنایا اور قوم کی امیدوں پر پوری اتری۔

ایئر وائس مارشل حسن فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے ہاتھوں میں ہے اور ملکی خودمختاری و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ ہر دور میں ملکی سلامتی کے دفاع کیلئے پرعزم رہی ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان کی فضائی حدود اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button