لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے بعد موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
لاہور میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، کینال روڈ، گلبرگ، لبرٹی اور کلمہ چوک کے اطراف تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے۔ شہریوں نے موسم کی خوشگوار تبدیلی کا خیرمقدم کیا، تاہم مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
مریدکے اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے گرمی اور حبس کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ بارش شروع ہونے سے قبل ہی لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔
کاہنہ اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔ گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
گوجرہ میں آندھی کے بعد بوندا باندی ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ قصور شہر اور گردونواح میں صبح سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ بارش کے دوران بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔


