مسلح افواج اور قوم نے مل کر 1965ء میں لازوال تاریخ رقم کی، آج بھی 6 ستمبر کا جذبہ پوری قوت سے زندہ ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے جو وطن کے دفاع کیلئے مسلح افواج اور قوم کے بے مثال عزم، اتحاد اور عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
یومِ دفاع و شہدا 6 ستمبر 2026ء کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو دشمن کی بلااشتعال جارحیت اور عددی برتری کے باوجود پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری سے دشمن کو ہر محاذ پر فیصلہ کن شکست دی۔ پاکستانی قوم نے بھی مثالی اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ماضی کی بہادری کی روایت برقرار رکھتے ہوئے معرکۂ حق میں پاک افواج نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت دشمن کو بھرپور جواب دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی نے پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک اور سنہری باب رقم کیا، جبکہ مسلح افواج نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ 6 ستمبر کا جذبہ آج بھی پوری قوت کے ساتھ زندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز مزید قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں۔ دشمن قوتیں ہائبرڈ وارفیئر کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، تاہم ان مذموم عزائم کو پوری قوت اور عزم کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا اصل چیلنج جہالت، غربت اور پسماندگی کا خاتمہ اور ملک کو قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے وژن کے مطابق ترقی دینا ہے۔ مضبوط دفاع کے ساتھ معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح بھی قومی ترجیحات ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار اور برادر ممالک کے ساتھ اجتماعی دفاع و باہمی سلامتی کے عزم کا مظہر ہے۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں حقیقی اور دیرپا امن ممکن نہیں۔ بھارت کا مسئلہ کشمیر پر طرزِ عمل خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ قائداعظم کے اصول ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کو قومی زندگی کا لازمی حصہ بنایا جائے اور سب مل کر پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط دفاع پائیدار امن اور ترقی کی بنیاد ہے، مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد! 🇵🇰


