لانگ مارچ کی کال دی تو ہماری تحریک’’حکومت گراؤ انقلاب لاؤ‘‘ میں بدل جائے گی،حافظ نعیم الرحمان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کے حوالے سے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے مذاکرات میں مناسب بات نہ کی تو پہیہ جام کی کال دوں گا اور اگر لانگ مارچ کی کال دی تو اسلام آباد پہنچ کر ہماری تحریک لیوی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ حکومت گراؤ انقلاب لاؤ میں بدل جائے گی۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مال روڈ لاہور میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری دھرنے سے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنے عوام تک سرائیت کر چکا ہے، آج ہمارے دھرنے میں خواتین کی تعداد مردوں سے بھی زیادہ ہے، کراچی، سکھر اور حیدرآباد میں بھی دھرنے جاری ہیں، سوات میں کل عظیم الشان جلسہ ہوا اور کل سے دھرنا بھی شروع ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں دھرنے کی صورت میں خطاب سنا جاتا ہے، آئندہ ایک دو روز میں راولپنڈی میں بھی دھرنا شروع ہو گا، سیاسی جماعتیں سمجھتی تھیں ہمارا دھرنا چند روز کا ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ابھی انتخابات ہیں نہ ہمیں جماعت کے لیے کچھ چاہیے، پاکستان میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ہے، بجلی بنانے کی واضح صلاحیت کے باوجود عوام کو لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ حکمرانوں کی بدترین نااہلی کا ثبوت ہے۔
حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی سے ملاقات ہوئی اور پیر سے مذاکرات ہوں گے لیکن ہم مذاکرات کے چکروں میں نہیں آئیں گے، دھرنے جاری رہیں گے اور آئندہ پہیہ جام ہڑتال بھی کرنی ہے اور پورا ملک بند کر دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کسی صورت بھی قبول نہیں کرسکتے، پیٹرولیم لیوی کا قیمتوں سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے، حکومت نے جنگ کا بہانہ بنا کر قیمتیں بڑھائیں اور عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا، عوام کو محفوظ سفری سہولت نہیں، مہنگائی عروج پر ہے اور آج ہر ماں اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے پریشان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے عوام پر ٹیکسز کی بھرمار کر رکھی ہے، آج تعلیم کو خریدا جا رہا ہے، سرکاری اسکولز تباہ ہو چکے ہیں، اگر مریم نواز لندن سے آ گئی ہیں تو بتائیں تعلیم تباہ کیوں کی، اسکولوں کو پرائیویٹ کرنے کا مطلب ہے آپ اسکول نہیں چلا سکیں، مریم نواز بچوں کی تعلیم کی دشمن بن چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو جواب چاہیے 11 ہزار اسکول کیوں بیچے، آئین میں لکھا ہے میٹرک تک بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر قیامت والے دن پوچھیں گی میرے قاتل کیوں نہیں گرفتار کیے، پیپلز پارٹی کو سندھی نہیں سندھ اور کرپشن چاہیے، پنجاب اور سندھ میں خاندانوں کی اجارہ داری ہے، پیپلزپارٹی لاڑکانہ، نوڈیرو، شہدادکوٹ سمیت کوئی علاقہ ٹھیک نہیں کر سکی۔
مال روڈ لاہور میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی کو لوٹنے کے لیے اس سے سندھ کا حصہ سمجھتی ہے، سندھی مہاجر کی ڈرامے بازی بند کرو، عوام کو اختیار دو، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے سندھ کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اپنی مسلسل جدوجہد سے حکمرانوں کو پیچھے ہٹائیں گے، ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام میں شعور بڑھ رہا ہے اور حکومت ہمارے دھرنوں سے پریشان ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیر کو اگر حکومت نے مذاکرات میں مناسب بات نہ کی تو منگل کو پہیہ جام کی کال دوں گا، لانگ مارچ کا آپشن بھی اپنی جگہ موجود ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 27 ستمبر کو مارچ کرتی ہے تو ہم اس کی تائید کرتے ہیں، جلسے جلوس، مارچ، احتجاج سب کا حق ہے، پی ٹی آئی کو پنجاب میں بھی احتجاج کی اجازت ملنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب لانگ مارچ کی کال دوں گا تو پورے پاکستان سے لوگ نکلیں گے، اسلام آباد پہنچ کر ہماری تحریک لیوی تک محدود نہیں رہے گی، ہماری تحریک حکومت گراؤ انقلاب لاؤ میں بدل جائے گی۔



