سندھ میں سفری سہولیات کا بڑا منصوبہ، پیپلز بس سروس مزید شہروں تک پھیلانے کا فیصلہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے عوام کے لیے سفری سہولیات مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت پیپلز بس سروس کی مختلف شہروں تک توسیع، ڈبل ڈیکر بسوں، ای وی ٹیکسی سروس، پنک سکوٹیز اور بی آر ٹی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس میں قمبر شہداد کوٹ تا لاڑکانہ روٹ پر پیپلز بس سروس جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد اور آپریشنل معاملات کو حتمی شکل دینے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ شرجیل انعام میمن نے نئے روٹس پر بس سروس کے بروقت انتظامات مکمل کرنے اور بی آر ٹی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

سینئر وزیر نے اعلان کیا کہ آج میرپورخاص میں پنک سکوٹیز تقسیم کرنے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پنک سکوٹیز پروگرام ایک انقلابی قدم ہے، جبکہ ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button