الخدمت اسپتال میں مریضہ کی ہلاکت کا معاملہ:ڈاکٹر موہنی کا ملوث نہ ہونے کی وضاحت،ڈاکٹر صائمہ کی آپریشن کرنے کی تصدیق

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی شہر کے نجی اسپتال الخدمت میں آپریشن کے بعد مریضہ مسماۃ صفران زوجہ اصغر علی بجیر، کی این آئی سی وی ڈی اسپتال میں ہلاکت کے معاملے پر لیڈی ڈاکٹر موہنی گوتم مہیشوری نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضہ کا آپریشن انہوں نے نہیں کیا تھا اور نہ ہی انہوں نے کبھی مریضہ کا معائنہ کیا تھا۔

اپنے جاری کردہ ویڈیو بیان میں ڈاکٹر موہنی گوتم مہیشوری نے کہا کہ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا پر ان کے خلاف چلنے والی خبریں سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ایک میڈیا کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریضہ کا آپریشن کب اور کیسے ہوا، اس بارے میں انہیں کوئی علم نہیں، کیونکہ وہ اس وقت اپنی ڈیوٹی پر سرکاری اسپتال میں موجود تھیں۔

ڈاکٹر موہنی نے سوشل میڈیا اور دیگر میڈیا اداروں سے اپیل کی کہ کسی بھی خبر کو نشر یا شائع کرنے سے قبل اس کی تصدیق کی جائے اور بغیر کسی ثبوت اور تصدیق کے کسی کے خلاف پروپیگنڈا نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضہ کا آپریشن ڈاکٹر صائمہ قائمخانی نے کیا تھا۔

دوسری جانب ڈاکٹر صائمہ قائمخانی سے رابطہ کرنے پر انہوں نے تصدیق کی کہ آپریشن انہوں نے ہی کیا تھا۔ ڈاکٹر صائمہ کے مطابق آپریشن سے قبل مریضہ کی حالت بالکل ٹھیک تھی اور آپریشن کے دوران بھی اسے کوئی تکلیف نہیں تھی۔ آپریشن کے بعد بھی مریضہ دو سے تین گھنٹے تک ٹھیک رہی، جس کے بعد اچانک اسے دل کی تکلیف ہوئی، جس پر اسے کارڈیالوجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس نے دم توڑ دیا۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر صائمہ نے کہا کہ آپریشن سے قبل اور آپریشن کے دوران مریضہ کو کوئی تکلیف نہیں تھی اور نہ ہی لواحقین کی جانب سے پہلے کسی تکلیف کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مریضہ کے معائنے کے دوران بھی وہ بالکل ٹھیک تھی، جبکہ بعد میں اچانک اسے تکلیف ہوئی۔

مزید خبریں

Back to top button