پاکستانی کرکٹ کی ساکھ بحال کرنے کا واحد راستہ میدان میں کامیابی ہے، محمد یوسف

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے قومی ٹیم کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ کی ساکھ بحال کرنے کا واحد راستہ میدان میں شاندار کارکردگی اور کامیابی ہے۔
دورۂ انگلینڈ پر موجود قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے محمد یوسف نے کہا کہ ہم ظہیر عباس، جاوید میانداد، انضمام الحق یا سعید انور جیسے لیجنڈز کو متبادل کے طور پر نہیں بھیج رہے، جبکہ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو واپس بلانے کا معاملہ بھی صرف کارکردگی تک محدود نہیں۔
سابق کپتان کے مطابق موجودہ صورتحال پاکستانی کرکٹ میں اختلافات، اندرونی خلفشار اور تنازعات کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1992 کے ورلڈ کپ کے بعد سے پاکستانی کرکٹ میں عدم استحکام کا سلسلہ بار بار دہرایا جا رہا ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ ان تمام معاملات کے باعث کھیل سے توجہ ہٹی ہے، جبکہ مسلسل فتوحات اور مثبت نتائج ہی تمام شور ختم کرسکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی کرکٹ کی ساکھ بحال کرنے کے لیے کسی شارٹ کٹ کے بجائے میدان میں کارکردگی دکھانا اور کامیابیاں حاصل کرنا ہی واحد راستہ ہے۔



