سندھ پولیس بھرتی: بدین کے کامیاب امیدوار سڑکوں پر، فہرست اور آفر آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)سندھ پولیس میں بھرتی کے لیے 2024ء میں آئی بی اے سکھر کی جانب سے منعقدہ SDP-1 ٹیسٹ پاس کرنے والے بدین کے امیدواروں نے کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری نہ ہونے اور آفر آرڈر نہ ملنے کے خلاف بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کی قیادت عبدالرؤف رستمانی، ایاز علی جمالی، امیر حیدر کھوسو، رفیق لنڈ اور دیگر امیدواروں نے کی۔ اس موقع پر امیدواروں نے کہا کہ سندھ پولیس میں بھرتی کے لیے آئی بی اے سکھر نے ٹیسٹ لیا تھا، جس میں انہوں نے کامیابی حاصل کی، تاہم سندھ کے دیگر اضلاع کے کامیاب امیدواروں کی فہرستیں جاری کردی گئی ہیں جبکہ ضلع بدین کے کامیاب امیدواروں کی فہرست تاحال جاری نہیں کی گئی۔
امیدواروں کا کہنا تھا کہ فہرست جاری نہ ہونے کے باعث کامیاب امیدواروں میں شدید بے چینی اور مایوسی پائی جارہی ہے، جبکہ ٹیسٹ پاس کرنے کے باوجود متعدد امیدوار اپنی بھرتی اور مستقبل کے حوالے سے پریشان ہیں۔
مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ ضلع بدین میں اقلیتی امیدواروں کے لیے مجموعی طور پر 304 نشستیں مختص ہیں، تاہم بدین پولیس کی جانب سے صرف 15 نشستیں دی گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقلیتی امیدواروں کے لیے مختص نشستوں کے مطابق ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
احتجاجی امیدواروں نے وزیر داخلہ سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا کہ ضلع بدین کے کامیاب امیدواروں کی فہرست فوری جاری کرکے آفر آرڈر دیے جائیں تاکہ امیدواروں میں پائی جانے والی بے چینی اور مایوسی کا خاتمہ ہوسکے۔



