عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کی بڑی قانونی کامیابی ہے، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق عالمی ثالثی عدالت کے متفقہ فیصلے کو پاکستان کے مؤقف کی اہم قانونی اور سفارتی کامیابی قرار دے دیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فیصلے سے واضح ہوگیا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کی قانونی پابندی کا پابند ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کے دیرینہ آبی حقوق کے تحفظ کے لیے اہم ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ محض دوطرفہ معاہدہ نہیں بلکہ پاکستان کے آبی وسائل اور قومی مفادات کے تحفظ سے جڑا اہم بین الاقوامی قانونی انتظام ہے۔ عالمی ثالثی عدالت کا متفقہ فیصلہ اس مؤقف کو تقویت دیتا ہے کہ بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری ہر فریق کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے سے عالمی قانون کی بالادستی، بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور ریاستوں کے درمیان طے شدہ معاہدوں کے احترام کے اصول مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے آئینی، قانونی اور سفارتی ذرائع بروئے کار لاتا رہے گا، جبکہ اس فیصلے سے مستقبل میں پانی سے متعلق تنازعات کو بین الاقوامی قانون اور طے شدہ معاہدوں کے تحت حل کرنے کی اہمیت بھی اجاگر ہوئی ہے۔



