بھارتی گلوکار بادشاہ اور اداکارہ ایشا رِکھی میں شادی کے 5 ماہ بعد طلاق

ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی گلوکار بادشاہ اور پنجابی اداکارہ ایشا رِکھی نے شادی کے صرف پانچ ماہ بعد اپنی راہیں جدا کرلیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نے پیر کی رات باہمی رضامندی سے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر مشترکہ بیان جاری کیا، جس کے بعد گزشتہ ایک ماہ سے جاری ان کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں۔
جوڑے نے مارچ میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی۔ بادشاہ نے بیان میں کہا کہ انہوں نے اور ایشا نے باہمی رضامندی اور احترام کے ساتھ اپنی راہیں جدا کرنے اور اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مداحوں اور عوام سے درخواست کی کہ اس مشکل وقت میں ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ بادشاہ کا کہنا تھا کہ یہ اس معاملے پر ان کا واحد بیان ہے، لہٰذا تعلقات کے حوالے سے مزید قیاس آرائیاں یا مفروضے قائم نہ کیے جائیں۔
واضح رہے کہ دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں جولائی میں سوشل میڈیا پر گردش کرنا شروع ہوئی تھیں۔ اسی دوران ایشا رِکھی نے بادشاہ کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز پر مشتمل ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی، جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا: ’’ہر طوفان ایک سبق ہے، ہر دعا ایک امید ہے۔‘‘
بادشاہ اس سے قبل جاسمین مسیح سے شادی کرچکے ہیں، تاہم دونوں کی طلاق 2020 میں ہوگئی تھی۔ ان کی ایک بیٹی بھی ہے، جو جنوری 2017 میں پیدا ہوئی۔



