دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، امن و امان، عوامی مسائل اور حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری اور صلاح الدین خان شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ارکان اسمبلی نے مریم نواز کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد دی اور ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان کی الیکٹروبس سروس گیم چینجر منصوبہ ہے اور شہری اس کے اجرا پر وزیراعلیٰ کے شکر گزار ہیں۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ مریم نواز کی مؤثر پالیسیوں کے باعث ڈیرہ غازی خان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے، جبکہ کچے کے علاقے میں امن و امان میں بہتری پنجاب میں گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے۔ پنجاب میں چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کے لیے جدید طریقہ علاج بھی جلد متعارف کرایا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبسوں کے ذریعے عوام کو سفر کرتے دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوتی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار لاہور کی طرز پر دیگر علاقوں میں بھی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

مریم نواز کے مطابق ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر شہروں میں سڑکوں، ڈرینج، واٹر سپلائی اور بیوٹی فکیشن کے مختلف منصوبے جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button