وزیراعلیٰ پنجاب کا کسانوں کو 3کروڑ روپے سےکم قرض زیرومارک اپ پر دینےکا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکسانوں کو 3کروڑ روپے سےکم قرض زیرومارک اپ پر دینےکا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں کسانوں کے نمائندہ وفد سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسانوں کو 3کروڑ قرض پر 2 فیصد اور 5 کروڑ پر 5 فیصد سود ادا کرنا ہوگا۔ 10لاکھ سے زائد افراد کسان کارڈ پروگرام میں شامل ہیں ، ہرکسان کو کاشت سے پہلے ڈیڑھ لاکھ روپے دیے جاتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ2 سال میں کسانوں کی خوشحالی کے لیے جنتا کام کیا گیا انتا کبھی نہیں ہوا تھا۔کسانوں کی مدد کے لیے اس سال ایک ہزار زرعی انٹرن بھرتی کیے جائیں گے، ملکی معیشت میں زرعی شعبےکا اہم کردار ہے، مارکیٹ میں کھاد اور دیگر اشیا کی بلیک میں فروخت ختم ہوچکی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے گندم کے امدادی نرخ 4500 روپے پر خریداری یقینی بنانےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب فوڈ باسکٹ ہے اور 70 فیصد غذائی ضروریات پوری کر رہا ہے،آم،کینو، مالٹا، آلو وغیرہ کی گریڈنگ پراسیسنگ اور اسٹوریج کے لیے پراسیسنگ پارک بن رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پانی چوری کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے تاکہ بااثر اور طاقتور افراد کے بجائے ہر کسان کو اس کے حصے کا پانی ملے۔ میری کوشش ہے کہ پانی ٹیل تک پہنچے اور چھوٹے کسان کو اپنے حق کے لیے سفر نہ کرنا پڑے۔ کسانوں کی مالی سہولت کے لیے پنجاب کسان بینک بھی قائم کیا جا رہا ہے، جس پر کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے جلد متعارف کرایا جائے گا تاکہ کسانوں کو بینکاری سہولیات کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



