نیپال میں تباہ کن سیلاب، اموات 955 تک پہنچ گئیں، ہزاروں افراد لاپتا

کٹھمنڈو(ویب ڈیسک) نیپال میں گلیشیئر کے ممکنہ انہدام کے بعد آنے والے تباہ کن سیلاب سے اموات کی تعداد 955 ہوگئی جبکہ ہزاروں افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ تازہ رپورٹس کے مطابق نیپال اور تبت میں مجموعی طور پر 4,471 افراد لاپتا ہیں۔
نیپالی فوج اور امدادی ٹیموں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مزید تیز کردیا ہے۔ ریسکیو اہلکار ملبے اور کیچڑ سے بھرے پن بجلی کے منصوبوں کی سرنگوں میں پھنسے افراد کی تلاش کر رہے ہیں، جبکہ 933 کارکنوں کے سرنگوں میں پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا نے 44 رکنی ہنگامی امدادی ٹیم نیپال بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جو سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیوں میں معاونت کرے گی۔ ٹیم تقریباً 10 روز متاثرہ علاقے میں رہنے کی توقع ہے۔
چینی اور بھارتی ماہرین بھی امدادی سرگرمیوں میں نیپالی حکام کی معاونت کر رہے ہیں، جبکہ نیپالی فوج ملبے سے راستے بنانے اور سرنگوں تک رسائی کے لیے مختلف ذرائع استعمال کر رہی ہے۔



