ترکیہ نے اسرائیلی وزیراعظم کو دنیا کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیدیا

استنبول(ویب ڈیسک) ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی پالیسیوں کو عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ فیدان اس سے قبل بھی اسرائیل کو عالمی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ قرار دے چکے ہیں۔
حاقان فیدان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری تباہی اور انسانی بحران کے بعد نیتن یاہو انسانیت کے دشمن بن چکے ہیں، عالمی برادری کو ان کی پالیسیوں کو روکنے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی نظام کو ”نیتن یاہو کے خطرے” کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق خطے میں جاری جنگ اور کشیدگی میں شامل فریقین ایسے طریقے اختیار کر رہے ہیں جو تباہ کن جنگ کو مزید طول دے رہے ہیں، جن کا سدباب انتہائی ضروری ہے۔
حاقان فیدان نے خبردار کیا کہ کوئی بھی فریق دوسرے کو مزید تباہ نہ کرے، کیونکہ اس کا نتیجہ بالآخر پورے خطے کی تباہی کی صورت میں نکل سکتا ہے۔



