جرمنی سپین کو ہرا کر ہاکی چیمپئن بن گیا، پاکستان کا 4 عالمی ٹائٹلز کا ریکارڈ برابر

واورے (مانیٹرنگ ڈیسک) جرمنی نے سپین کو سنسنی خیز فائنل میں 0-1 سے شکست دے کر مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل جیت لیا اور پاکستان کے چار عالمی اعزازات کا ریکارڈ برابر کردیا۔

بیلجیم کے شہر واورے کے بیلفیئس ہاکی ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول مشیل اسٹروتھوف نے تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں کیا۔

سپین نے میچ کے کئی مراحل میں گیند پر زیادہ قبضہ رکھا اور جرمنی کے مقابلے میں زیادہ مواقع بھی پیدا کیے، تاہم جرمن دفاع نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام حملے ناکام بنا دیے۔

میچ کے آخری لمحات میں سپین نے مقابلہ برابر کرنے کے لیے جارحانہ حکمت عملی اپنائی۔ آخری چار منٹ سے بھی کم وقت باقی رہنے پر سپین نے گول کیپر کو میدان سے باہر بلا کر اضافی فیلڈ کھلاڑی شامل کیا، تاہم جرمن دفاع نے برتری برقرار رکھی۔

اس فتح کے ساتھ جرمنی نے مسلسل دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ یہ اس کا مجموعی طور پر چوتھا ہاکی ورلڈ کپ ٹائٹل ہے۔

یوں جرمنی نے مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ میں چار مرتبہ عالمی اعزاز جیتنے کے پاکستان کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔

دوسری جانب تیسری پوزیشن کے میچ میں ارجنٹینا نے نیدرلینڈز کو 1-2 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

مزید خبریں

Back to top button