ننکانہ پولیس میں کرپشن کے خلاف بڑا ایکشن، سابق ایس ایچ او برطرف، متعدد اہلکار معطل و تنزلی کا شکار

ننکانہ صاحب(رائے رضوان سلطان\ جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد نے رشوت، کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور محکمانہ ضابطے کی خلاف ورزی پر ضلع پولیس کے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے متعدد اہلکاروں کو سزائیں دے دیں۔

ڈی پی او کے احکامات کے مطابق سابق ایس ایچ او تھانہ فیض آباد سب انسپکٹر مجاہد عباس ملہی کو محکمہ پولیس سے برخاست کردیا گیا، جبکہ سابق ایس ایچ او تھانہ مانگٹانوالا انسپکٹر کفایت حسین کو معطل کردیا گیا۔

اسی طرح سب انسپکٹر محمد منشاء کو اے ایس آئی کے عہدے پر تنزلی دی گئی، جبکہ سابق انچارج چوکی کوٹ حاکم اے ایس آئی اکبر قریشی کو کانسٹیبل بنا دیا گیا۔

ناقص تفتیش پر سابق انچارج چوکی وزیر پور محبوب احمد کو بھی معطل کردیا گیا۔ چوکی موڑ کھنڈا میں تعینات کانسٹیبلان آصف اور اکبر کو معطل جبکہ کانسٹیبل وقار کو محکمہ پولیس سے برخاست کردیا گیا۔

ڈی پی او ننکانہ صاحب ارسلان زاہد نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور آر پی او شیخوپورہ کی ہدایت پر ضلع پولیس میں کرپشن کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button