پاکستان میں مغربی ہواؤں کا داخلہ، مون سون کے آخری سپیل کی انٹری، 6 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہوگئیں، محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا آخری سپیل آج دوپہر کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بارش کے باعث بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد اور خنک ہونے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، پشاور، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں، بالخصوص جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور گجرات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 6 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران بالائی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button