ہاکی کے میراڈونا شہباز سینئر کا عالمی اعزاز، پھر پاکستان کا نام روشن کردیا

واورے (ویب ڈیسک) پاکستانی ہاکی کے لیجنڈ اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کی اختتامی تقریب میں ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کردیا۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے ورلڈ کپ 2026 کی اختتامی تقریب میں شہباز احمد سینئر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ پیش کرنے کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا۔

شہباز احمد سینئر نے یہ ایوارڈ ارجنٹائن کے فارورڈ تھامس ڈومینے کو پیش کیا، جنہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ڈومینے نے ایونٹ میں 10 گول کرکے ٹاپ اسکورر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

’’ہاکی کے میراڈونا‘‘ کے نام سے مشہور شہباز احمد سینئر کی عالمی ہاکی کے سب سے بڑے ایونٹ میں شرکت نے پاکستان کے سنہری ہاکی دور کی یاد تازہ کردی، جب گرین شرٹس کا شمار دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں ہوتا تھا۔

شہباز احمد سینئر 1994 کے سڈنی ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی فاتح ٹیم کے کپتان تھے۔ پاکستان نے فائنل میں نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

ان کا انفرادی ریکارڈ بھی عالمی ہاکی میں غیر معمولی حیثیت رکھتا ہے۔ شہباز احمد سینئر ہاکی کی تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے مسلسل دو ورلڈ کپ، 1990 اور 1994، میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کیا۔

ایف آئی ایچ کے ریکارڈ کے مطابق شہباز احمد سینئر نے پاکستان کی جانب سے 304 بین الاقوامی میچز کھیلے، جو طویل عرصے تک قومی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ رہا۔

انہوں نے 1990 کے لاہور ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ 1994 میں سڈنی ورلڈ کپ میں بھی یہی اعزاز اپنے نام کیا۔

یوں شہباز احمد سینئر مسلسل دو ہاکی ورلڈ کپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی کے طور پر آج بھی منفرد مقام رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button