پاکستان اور ازبکستان کا اقتصادی تعلقات مزید مضبوط کرنے پر اتفاق، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کا عزم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے سمیت اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

ازبکستان میں تعینات پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے ازبک نائب وزیراعظم جمشید خودجایف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ روابط بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی سفیر نے ازبکستان کے 35ویں یوم آزادی پر نائب وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور آزادی کے بعد مختلف شعبوں میں ازبکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔

اس موقع پر ازبک نائب وزیراعظم جمشید خودجایف نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرکاری اداروں، کاروباری برادری اور چیمبرز کو متحرک کرکے اقتصادی تعاون کی وسیع صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے یقین دلایا کہ پاکستان مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ کیلئے جامع روڈ میپ بھی تیار کیا جاچکا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button