شمالی کوریا میں فوجی کمان میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ، وزیر دفاع سمیت کئی اعلیٰ عہدیدار برطرف

پیانگ یانگ(مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے فوجی کمان میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے وزیر دفاع سمیت کئی اعلیٰ عسکری عہدیداروں کو عہدوں سے ہٹا دیا۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق یہ فیصلے کم جونگ اُن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیے گئے، جو ملک کی مسلح افواج کی تشکیل نو کے منصوبوں کا حصہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نو کوانگ چُل کو وزیر دفاع کے عہدے سے ہٹا دیا گیا، تاہم انہیں حکمران جماعت کے ڈھانچے میں اسلحہ سازی کی صنعت کے انتظامی شعبے کا پہلا نائب سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کورین پیپلز آرمی کے جنرل پولیٹیکل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کم سونگ گی کو نیا وزیر دفاع مقرر کردیا گیا ہے۔
کم جونگ اُن کے دفاعی مشیر پاک جونگ چُن کو سینٹرل ملٹری کمیشن کا نائب چیئرمین بنا دیا گیا ہے، جبکہ انہیں ورکرز پارٹی آف کوریا کے پولٹ بیورو کا رکن بھی مقرر کیا گیا ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے اعلیٰ عسکری عہدیداروں کی برطرفی کی وجوہات بیان نہیں کیں۔ تاہم یہ تبدیلیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب پیانگ یانگ گزشتہ کئی ماہ سے اپنی عسکری صلاحیتوں میں اضافے اور روس کے ساتھ دفاعی تعاون پر زور دے رہا ہے۔
ادھر جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی بھی بدستور برقرار ہے، جس کے تناظر میں شمالی کوریا کی فوجی قیادت میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔



