فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سعودی وزیر ماحولیات،پانی و زراعت کی ملاقات، برادرانہ و اسٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے بالخصوص زراعت، ماحولیات اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر زور دیا۔

ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں موجود تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی شراکت داری کو نئی جہتوں تک لے جانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button