دفاع کے بعد اقتصادی و زرعی شراکت داری، پاکستان اور سعودی عرب کا تعاون نئی سطح پر لے جانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی تعاون کے بعد اقتصادی، زرعی، آبی وسائل اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی، آبی وسائل، غذائی تحفظ اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے سعودی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے نے تینوں ممالک کو مزید قریب لانے کے ساتھ خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب سٹریٹجک شراکت دار ہیں، اس لیے اب اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جاسکے۔
ملاقات میں پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد سمیت دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت میں جاری تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
دونوں جانب سے پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے مؤثر استعمال سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستانی زرعی ماہرین کا وفد جلد سعودی عرب کا دورہ کرے گا، جہاں زراعت، پانی کے وسائل اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔



